ڈبلن، 21؍اگست(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) پاکستان اور آئرلینڈ کے مابین دوسرا ون ڈے میچ بارش کی وجہ سے منسوخ کردیاگیاہے اوراس طرح پاکستان دومیچوں کی سیریز میں فاتح رہا ہے۔مقامی وقت تین بجے میچ امپائروں نے گراؤنڈکامعائنہ کرنے کے بعد میچ کو منسوخ کرنے کااعلان کردیا۔ڈبلن میں گزشتہ رات سے بارش کا سلسلہ جاری تھا اور دن کو بھی وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی۔ ڈبلن میں کھیلے جانے والے واحد میچ میں پاکستان نے آئرلینڈ کو 255رنز سے شکست دے دی تھی۔آئرلینڈ کے خلاف سیریزکے اختتام پراب پاکستانی ٹیم واپس انگلینڈ پہنچ کر چوبیس اگست سے پانچ روزہ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ چار ٹیسٹ میچوں کی سیریزمیں دونوں ٹیموں نے دو دو میچز جیتے تھے۔انگلینڈ کے خلاف پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ24اگست کوساحلی شہرساؤتھمپٹن میں کھیلا جائے گا۔ دوسراایک روزہ میچ27اگست کو لندن میں لارڈز کے تاریخی میدان میں کھیلاجائے گا۔تیسراون ڈے30اگست کونوٹنگھم میں کھیلا جائے گا جبکہ چوتھا میچ پہلی ستمبر کو لیڈز میں کھیلا جائے گا۔ پانچوں اورسیریزکاآخری میچ چارستمبرکوکارڈف میں کھیلا جائیگا۔واحد ٹی ٹوئنٹی میچ سات ستمبر کو مانچسٹر کے اولڈٹریفورڈگراؤنڈپرکھیلاجائے گا۔آئرلینڈ کے خلاف پہلے میچ میں پاکستان کے اوپنر شرجیل نے شاندار سنچری اسکورکی تھی۔عمر گل اورعمادوسیم کی تباہ کن بولنگ کے سبب آئرلینڈ کی ساری ٹیم23.4اوورز میں 82رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔پہلے میچ میں پاکستان نے نوجوان میڈیم فاسٹ بولر حسن علی کو ٹیم میں شامل کیاتھا۔عالمی ٹیسٹ رینکنگ میں دوسرے نمبرپرموجودپاکستانی ٹیم کے سر پر ون ڈے طرز کی کرکٹ میں عالمی درجہ بندی میں نویں نمبرپر ہونے کی وجہ سے سنہ2017کے کرکٹ ورلڈ کپ میں شمولیت کے لیے کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنے کی تلوار لٹک رہی ہے۔آٹھویں نمبرپرموجودویسٹ انڈیز اور پاکستان کے درمیان اس وقت سات پوائنٹس کا فرق ہے اور پاکستان کو اپنی درجہ بندی بہتربنانے کے لیے نہ صرف آئرلینڈ کو ان دو میچوں میں ہرانا ہوگا بلکہ انگلینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی سیریزبھی واضح فرق سے جیتنی ہوگی۔خیال رہے کہ انگلینڈ کے خلاف متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی گذشتہ ون ڈے سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرنے کے بعدپاکستان اگلے تینوں میچ ہار گیا تھا۔